لاہور21فروری 2011 ء:جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہےکہ حکمران ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کے لواحقین کو ڈالروں کا لالچ دے کر خریدنے کے لیے امریکی دلال کا شرمناک کردار ادا کر نے کی بجائے قومی غیرت کا ثبوت دیں اور شہدا کے ورثا کو انصاف مہیا کریں ۔ ریمنڈ ڈیوس کی دہشتگرد کاروائیوں کا واضح ثبوت ملنے کے باوجود امریکی دباﺅپر ملکی آئین کو تماشا بنانے کی حکومتی کوششوں کو عوام کامیاب نہیں ہونے دیںگے ۔ 25 فروری کو مزنگ چوک میں دھرنا دے کر زندہ دلان لاہور شہدا کے گھرانوں سے اظہار یکجہتی اور ملک کو ہمیشہ کے لیے امریکہ اور اس کے حواریوں سے نجات دلانے کا عزم کریں گے ۔ جماعت اسلامی کی گو امریکہ گو تحریک ہر محب وطن کے دل کی آواز بن چکی ہے ۔ ریمنڈ ڈیوس کیس میں پنجاب حکومت بھی بزدلی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ابھی تک عبادالرحمن کو کچل کر ہلاک کرنے والی گاڑی اور اس میں سوار چار دہشتگردوں کو گرفتار کرنے میں ناکامی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ دینی جماعتوں کی قیادت میں قوم نے مغرب اور استعماری قوتوں کی ناموس رسالت قانون میں خاتمے کی کوششوں کو ناکام بنا کر اسلام اور نظریہ پاکستان سے جس محبت کا ثبوت دیاہے وہ مستقبل میں بھی ایسی ناپاک سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ اگر ہم مسائل کا حل اور ملک میں امن و سکون چاہتے ہیں تو ہمیں اسلام کے بابرکت نظام کو ملک میں نافذ اور حضور کی پاکیزہ تعلیمات پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ان خیالات کاا ظہار انہو ںنے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام وفاقی کالونی میں منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ علامہ ابتسام الٰہی ظہیر ، ڈاکٹر شبیر احمد منصوری اور ظفر راجپوت نے بھی خطاب کیا لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت اپنے شہریوں کا مقدمہ لڑنے کی بجائے ریمنڈ ڈیوس کی طرف سے فریق بنی ہوئی ہے جس سے پورے ملک کے عوام خود کو امریکی دہشتگردی سے غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قوم شہدا کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ امریکی دہشتگرد نے جن نوجوانوں کو شہید کیا اب وہ صرف اپنے خاندانوں کے نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے بیٹے ہیں جن کے خون کا بدلہ لیا جائیگا ۔ جماعت اسلامی حکومت کی طرف سے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کر کے امریکہ بھجوانے کی کوششوں کو ناکام بنا دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں امریکہ اور اس کے غلاموں پر زمین تنگ ہو چکی ہے ۔ اگر انہوں نے قومی غیرت کو نیلام کرنے کی کوشش کی تو انکا انجام زین العابدین اور حسنی مبارک سے بھی بدتر ہو گااور انہیں زمین پر کہیں بھی پناہ نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ عوام مہنگائی ، بے روزگاری اور عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ ملک کی داخلہ وخارجہ پالیسیوں سمیت تمام پالیسیاںملک دشمنوں کے ہاتھوں بن رہی ہیں ۔ امریکہ کی دوستی میں گزشتہ 63 سال میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان اٹھاناپڑا ۔
No comments:
Post a Comment